جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں واضح الفاظ میں کہا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ پاکستانی قوم اور افواج کا عزم ناقابل شکست ہے۔ ہمارا پُرامن اور محفوظ پاکستان کا خواب کوئی نہیں توڑ سکتا۔ وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لیے سب سے زیادہ اہم ہیں، اور ہم ارضِ پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار اور مستعد ہیں۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ پرامن بقائے باہمی کی خواہش کے باوجود، ہم ہر وقت اپنے دفاع کے لیے چوکنا ہیں۔
یوم دفاع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین
اپنے پیغام میں آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ جس جرات سے ہماری افواج نے دہشت گردی کو شکست دی، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روایتی دہشت گردی کے مقابلے میں ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، اور غیر ملکی عناصر کے ساتھ اس کی شراکت داری نے اسے مزید سنگین بنا دیا ہے۔ لیکن ہم متحد ہو کر اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں، اور جب تک ہم ایک قوم کی طرح متحد رہیں گے، کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ہمیں اپنے اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر آگے بڑھنا ہوگا۔
جنرل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ آرمی چیف نے فلسطینیوں کے حق میں بھی آواز بلند کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت عالمی ضمیر پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔