ملک کے 59 ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے مادرِ وطن کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے اپنے پیغامات میں کہا کہ وہ مادرِ وطن کا دفاع کرنے والوں کی قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر تاریخی فتح حاصل کی۔
1965 کی جنگ نے قوم کو امید کی کرن دکھائی اور اس کے عزم کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ہم 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر سے منا رہے ہیں، یہ دن قوم کے ناقابل شکست عزم اور غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے۔
ہم پاکستان کے ان شہداء، خصوصاً دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے والوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیاں ایک مضبوط، خوشحال اور پُرامن پاکستان کی تعمیر کے لیے ہماری جدوجہد کی ترغیب دیتی ہیں۔