تحریر: مسرور احمد
نامور فلسفی ہیگل نے کہا تھا، "I have yet to discover a strong nation with a painful past” یعنی میں نے ابھی تک کوئی ایسی مضبوط قوم نہیں دیکھی جس کا ماضی دردناک نہ ہو۔ تاریخ گواہ ہے کہ قوموں کے عروج و زوال کا تعین ان کی لگن اور برداشت سے ہوتا ہے۔ کچھ قومیں محض زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کرتی ہیں، جبکہ کچھ عظیم مقاصد کے حصول کے لیے جیتی ہیں۔ پاکستان بھی ایک ایسی قوم ہے، جس نے اپنے ماضی اور حال میں بے شمار چیلنجز کا سامنا عزم اور استقلال سے کیا ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد مہاجرین کی آمد، کشمیر سمیت ہندوستان کے ساتھ تنازعات اور وسائل کی کمی جیسے مسائل کے باوجود، ناقدین کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں کہ پاکستان دس سال میں ختم ہو جائے گا۔ ہم نے تمام مشکلات کو عبور کرتے ہوئے نہ صرف ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اب معاشی طاقت بننے کی راہ پر گامزن ہیں۔
یوم ِدفاع 6 ستمبر 2024 کے مو قع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام
سی پیک پاکستان کے لیے ایک نادر موقع ہے، جس نے دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت دفاعی لحاظ سے ہی نہیں بلکہ معاشی اعتبار سے بھی مسلمہ ہے۔ پاکستان نیوی کا اس میں کلیدی کردار ہے، کیونکہ وہ سمندری حدود کے دفاع اور گوادر جیسی اہم بندرگاہ کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ ستمبر 1965 کی جنگ میں پاکستان نیوی نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ "آپریشن دوارکا” کے ذریعے بھارتی ریڈار اسٹیشن اور تنصیبات کو نشانہ بنا کر دنیا کو نیوی کی صلاحیتوں کا قائل کیا۔ 1971 کی جنگ میں پاکستان نیوی کی آبدوز ہنگور نے ایک نئی تاریخ رقم کی، جس پر عملے کو اعلیٰ ترین فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔
پاکستان نیوی کا کردار نہ صرف جنگوں میں بلکہ امن کے وقت میں بھی نمایاں رہا ہے۔ سری لنکا، بنگلہ دیش، اور مالدیپ میں قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں میں نیوی کے جہازوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ بحری جہازوں کے ذریعے ادویات، خوراک اور دیگر امدادی سامان پہنچایا گیا، جس نے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاکستان نیوی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو وسعت دے رہی ہے۔ ستمبر کا مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے اور دفاعِ وطن کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود، ہماری قوم مضبوط اعصاب اور جذبے سے آگے بڑھ رہی ہے، اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم ایک خوشحال اور روشن پاکستان کی شکل میں قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔