سندھ میں مصنوعی منشیات کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

تشکر نیوز:  سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں منشیات کی روک تھام اور مافیا کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، انسداد منشیات فورس (ANF) کے صوبائی سربراہ بریگیڈیئر عمر فاروق، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، کرائم اینڈ انویسٹیگیشنز کے افسران اور صوبے بھر کے ڈی آئی جیز و ایس پیز نے شرکت کی۔

خیبرپختونخوا کابینہ میں تبدیلی عمران خان کے حکم پر ہورہی ہے، علی امین گنڈا پور

بریگیڈیئر عمر فاروق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں منشیات کی اسمگلنگ، خرید و فروخت اور ترسیل کے مختلف طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں، خاص طور پر کیمیکلز سے تیار کی جانے والی مصنوعی منشیات کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئس، کرسٹل، ویڈ اور دیگر مصنوعی منشیات کیمیکلز سے تیار ہو کر روز مرہ کی اشیاء جیسے میٹھی ٹافی، چاکلیٹ، انرجی ڈرنکس اور ویپ میں شامل کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو نشے کی لت لگائی جا سکے۔

والدین کو خبردار کیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کے رویوں اور دوستوں پر گہری نظر رکھیں۔ بریگیڈیئر فاروق نے مزید بتایا کہ مصنوعی منشیات دیسی منشیات کی نسبت 75 فیصد زیادہ مہلک اور خطرناک ہیں اور ان کا استعمال غصے، جاگتے رہنے اور آنکھوں کی پتلیوں میں تبدیلی جیسی علامات کے ذریعے پہچانا جا سکتا ہے۔

 

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ مصنوعی منشیات مافیا کے خلاف مربوط اور سخت کاروائیوں کی ضرورت ہے اور تمام اداروں کو مل کر اس لعنت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی منشیات کی خرید و فروخت اور ترسیل غیر مستند کوریئر سروسز کے ذریعے کی جا رہی ہے اور ان سے حاصل شدہ رقم منی لانڈرنگ اور دہشت گردی میں استعمال ہوتی ہے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ غیر مستند کوریئر کمپنیوں کی فہرست مرتب کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ آئی جی سندھ نے سی ٹی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ اے این ایف کے ساتھ مل کر معلومات کا تبادلہ کریں تاکہ منشیات مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا سکیں۔

 

 

اجلاس کے اختتام پر یہ اعلان کیا گیا کہ جلد ہی دوبارہ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

66 / 100

One thought on “سندھ میں مصنوعی منشیات کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!