پاک فوج کی ملک کے لیے قربانیاں سب پر عیاں ہیں۔ فوجی جوان ہر وقت ملک کی حفاظت اور بقاء کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار رہتے ہیں، اور ان کی بے مثال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
پی ٹی آئی نے اسلام آباد پاور شو پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے لاہور جلسہ ملتوی کردیا
دفاع وطن کے لیے دی جانے والی یہ بے مثال قربانیاں پاکستان کی افواج کی میراث ہیں۔ انہی جانثاروں میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ضلع لاہور سے ہے۔
کیپٹن محمد علی قریشی شہید نے اکتوبر 2018 میں پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا اور پانچ سال سے زائد عرصے تک دفاع وطن کی ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں نبھایا۔ 29 سالہ کیپٹن محمد علی قریشی 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے سوگواران میں ان کے والدین، ایک بہن، بیوہ اور 10 ماہ کی بیٹی شامل ہیں۔ ان کے بھائی نے شہادت پر کہا کہ بہت سے لوگ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی قربانی پاک فوج اور پوری قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزمِ مصمم کی علامت ہے۔ ان کی بے مثال شہادت آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔