پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے لیگ اسپنر ابرار احمد کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق انہیں گزشتہ ہفتے راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سلو پچ پر تمام فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ غلط ثابت ہونے کے بعد واپس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹی پی پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال کررہی ہے، اس کو ہرصورت روکنا ہوگا، وزیرداخلہ
پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کے روز بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی شکست سے دوچار ہوئی جب کہ اس کے باؤلنگ اٹیک میں ایک بھی فرنٹ لائن اسپنر شامل نہیں تھا۔
سلو پچ پر پاکستان کے تیز گیند باز متاثر کن باؤلنگ نہیں کرسکے جب کہ بنگلہ دیش کے اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز نے 7 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔
6 ٹیسٹ میچوں میں 38 وکٹیں لینے والے ابرار احمد کو اب تک کوئی میچ نہ کھیلنے والے اسپن باؤلنگ آل راؤنڈر کامران غلام کے ساتھ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان میں کہا کہ آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے لیکن ان کی شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ سے شروع ہوگا۔