تشکرنیوز: پاک بحریہ کے کموڈور محمد خالد کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ کموڈور محمد خالد نے 1995 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ وہ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے گریجویٹ ہیں اور امریکہ سے ایم ایس اوشینوگرافی میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتے ہیں۔
پاک بحریہ کا جہاز یرموک خلیج عمان میں عمانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ بحری مشق میں شریک
ریئر ایڈمرل محمد خالد نے مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں سے متعدد پیشہ ورانہ کورسز مکمل کیے ہیں، جن میں اٹلی میں ہاربر اینڈ کوسٹل ہائیڈروگرافی کورس، برطانیہ میں ہائیڈروگرافی اینڈ میٹرولوجی ایڈوانسڈ سروے کورس، اور خصوصی اکنامک زون پروٹیکشن آفیسرز کورس شامل ہیں۔ انہوں نے پی این وار کالج لاہور سے پاکستان نیوی اسٹاف کورس، جنوبی افریقہ سے نیول اسٹاف کورس، اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس بھی کیا ہے۔
اپنے شاندار کیریئر میں، انہوں نے مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا تجربہ حاصل کیا ہے، جن میں کمانڈنگ آفیسر (ڈریجنگ ویسل) بحر کشا، کمانڈنگ آفیسر (سروے ویسل) بحر پیما، اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی شامل ہیں۔ ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔