ویب ڈیسک،
پلیٹ فارم وزٹ کرنے پر صارفین کو صرف ’ویلکم ٹو ایکس‘ کی سکرین دکھائی دینے لگی
سان فرانسسکو : پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ایکس سابقہ ٹوئٹر کی سروس ڈاؤن ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سابقہ ٹوئٹر کی سروسز ڈاؤن ہوگئی ہیں، دنیا کے کئی ممالک سے یہ شکایات آرہی ہیں کہ ٹوئٹرپلیٹ فارم کام نہیں کر رہا، جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ ویب سائٹ یا موبائل ایپ وزٹ کرنے پر صارفین کو صرف ’ویلکم ٹو ایکس‘ کی سکرین دکھائی دے رہی ہے، کسی قسم کے پیغامات دیکھنے اور بھیجنے کی سہولت تعطل کا شکار ہے، تاہم یہ سروس کیوں ڈاؤن ہوئی تاحال اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔بتایا گیا ہے کہ مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) جمعرات کی صبح 11 بجے کے قریب تکنیکی خرابی کا شکار ہوا، ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن دونوں نے ٹائم لائن پرمعمول کے پیغامات کی بجائے ‘ویلکم ٹو ایکس’ کی سکرین دکھانا شروع کردی، جس سے ایسا لگتا ہے پلیٹ فارم کی سروس بڑے پیمانے پر ڈاؤن ہوئی ہے اور وہ صارفین کے لیے ناقابل رسائی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے قابل نہ ہونے کی تقریباً 70 سے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں اور اس وقت تک اس مسئلے کی وجہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، تاہم یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایکس کی سروس میں اس طرح سے تعطل آیا، ایلون مسک کی ملکیت والے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے صارفین کو اس سال مارچ اور جولائی میں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ رواں برس جولائی میں ایکس پلیٹ فارم امریکہ اور برطانیہ میں ڈاؤن ہوا اس وقت سروس میں خلل کی 13 ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہوئی تھیں، اس سے پہلے 6 مارچ کو اس کی سروس چند گھنٹوں کے لیے تعطل کا شکار ہوئی اور کئی صارفین نے شکایت کی کہ وہ اسے معمول کی طرح استعمال کرنے سے قاصر ہیں یا انہیں لنکس، تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کے دوران مسائل کا سامنا ہے، اس بندش سے دنیا بھر میں ہزاروں صارفین متاثر ہوئے اور کچھ ممالک میں ویب سائٹ معمول سے زیادہ سست ہونے کی رپورٹ سامنے آئی۔