گرفتار ٹیلی گرام سربراہ پیول دروو کے ہمراہ مبینہ طور پر سفر کرنے والی لڑکی جولی ویوی لووا پراسرار طور پر لاپتا ہوگئی ہیں۔
آسٹریلوی نیوز ویب سائٹ میں شائع خبر کے مطابق ٹیلی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیول دروو کے ہمراہ مبینہ طور پر سفر کرنے والی 24 سالہ جولی ویوی لووا کا فیملی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی نے بریت کی درخواست دائر کردی
فرانس کے پرائیوسی ڈیٹا ریسرچر باپستیت رابرٹ اور دیگر کے مطابق دبئی انفلوائنسر اور ویڈیو گیم اسٹریمر ان دنوں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، جولی ویوی لووا کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر کی ایک سیریز شیئر کی گئی تھیں، جس میں وہ مبینہ طور پر پیول دروو کے ہمراہ آزربائیجان سفر کر رہی تھیں۔
ریسرچرز نے امکان ظاہر کیا کہ جولی ویوی لووا کے سوشل میڈیا پوسٹس کے باعث پیول دروو کی لوکیشن کا علم ہوا ہوگا، جو کہ ٹیلی گرام چیف کی گرفتاری کا سبب بنا۔
باپستیت رابرٹ نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ یہ کہنا پھر بھی مشکل ہے کہ جولی ویوی کے پوسٹس کا پیول دروو کی گرفتاری میں ڈائریکٹ کردار ہے، لیکن خاتون کے سوشل میڈیا پوسٹ پویل دروو کی نقل و حرکت کے بارے میں باآسانی بتا رہے تھے۔
جولی ویوی لووا کی فیملی:
24 سالہ ویڈیو گیم اسٹریمر جولی ویوی لووا کی فیملی نے فرانس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ پیول دروو کی گرفتاری کے بعد سے جولی سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
پیول دروو اور جولی ویوی کے درمیان تعلقات:
ٹیلی گرام کے سی ای او پیول دروو اور جولی ویوی کے درمیان پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی، یہ معلومات اب تک سامنے نہیں آ سکی ہیں، تاہم دونوں دبئی میں ہی رہائش اختیار کیے ہوئے تھے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹیلی گرام چیف اور 24 سالہ ویڈیو گیم اسٹریمر کے درمیان تعلقات واضح نہیں تھے، دونوں اگرچہ وقت ساتھ بتاتے بھی دکھائی دیے، جیسا کہ 21 اگست کو گرفتاری سے قبل آزربائیجان میں پیول دروو کو گاڑی چلاتے اور جولی ویوی کو مسافر سیٹ پر بیٹھے دیکھا گیا، اس کے بعد مزید 2 تصاویر میں دونوں کو شوٹنگ رینج میں اور پھر آزربائیجان کے دارالحکومت کے ایک ہوٹل میں دیکھا گیا۔
واضح رہے سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ کے چیف ایگزیکٹو پیول دروو کو شمالی فرانس کے ایئرپورٹ پر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی پولیس کی جانب سے ٹیلی گرام کے چیف کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کا پرائیوٹ جیٹ فرانس کے لی بورگیٹ ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
حکام کے مطابق پیول دروو کو ٹیلی گرام ایپلی کیشن سے متعلق وارنٹ پرگرفتار کیا گیا۔
39 سالہ ٹیلی گرام چیف پیول دروو کے خلاف تفتیش مبینہ طور پر ماڈیریٹرز کی کمی سے متعلق ہے جبکہ ان پر پر اپنی ایپلی کیشن پر مجرمان کے اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن نہ لینے کا الزام عائد تھا۔
ٹیلی گرام کی مقبولیت:
روس، یوکرین اور سابقہ سووین یونینز میں ٹیلی گرام کافی مقبول ہے، 2013 میں یہ ایپلی کیشن پیول دروو کی جانب سے بنائی گئی تھی، لیکن ٹیلی گرام چیف کے ایک اور مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’وی کے آن تاکتے‘ پر مخالف کمیونیٹیز کو بند کرنے کے حکومتی مطالبے کو ماننے سے انکار کرنے پر انہیں مشکلات کا سامنا تھا، جس پر پیول دروو نے 2014 میں روس چھوڑ دیا تھا۔
دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ٹیلی گرام چیف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب مغربی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس گرفتاری پر خاموش رہیں گی؟ جنہوں نے 2018 میں روس کے ٹیلی گرام کے خلاف اقدامات پر تنقید کی تھی۔