تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ، سعید غنی، نے ہفتے کے روز گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کے البدر کیمپس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں ناخواندگی کے خاتمے کے مشن کی تکمیل میں فلاحی اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کی جانب سے کراچی کے پسماندہ علاقوں میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا اقدام حکومت کا ہاتھ بٹانے کے مترادف ہے۔
سعید غنی نے کورنگی صنعتی ایریا کے کاروباری افراد کے فلاحی کاموں کو سراہا، جو مزدوروں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جی سی ٹی کے البدر کیمپس کے قیام کے بعد سندھ بھر میں اس کے فلاحی اسکولوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے، جن میں پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ شریف آباد اور نزدیکی مہران ٹاؤن میں جی سی ٹی کے دس فلاحی اسکول قائم ہیں جہاں 2222 بچے زیر تعلیم ہیں، جن میں ساٹھ فیصد لڑکیاں ہیں۔ ان اسکولوں میں خواتین اساتذہ کی شرح اسی فیصد ہے۔ انہوں نے شریف آباد میں بنائی جانے والی نئی اسکول عمارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت صرف پانچ ماہ میں مکمل کی گئی اور یہاں 350 سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
سعید غنی نے اس موقع پر جی سی ٹی کی گزشتہ 30 سالوں سے صوبے بھر میں تعلیمی میدان میں جاری خدمات کو سراہا اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لیے فلاحی اداروں کی مزید مدد کریں تاکہ ناخواندہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔
تقریب میں کاٹی کے صدر جوہر علی قندھاری، نائب صدر زبیر چھایا، اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ کاٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا نے جی سی ٹی کی تعلیمی خدمات پر انہیں مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ کاٹی ہمیشہ غیر سرکاری اداروں اور حکومت کی ناخواندگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں مدد فراہم کرتی رہے گی۔
جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ان کے فلاحی ادارے کے مستقل ڈونر نے شریف آباد کے اسکول کی تعمیر کے تمام اخراجات صیغہ راز میں رکھ کر ادا کیے ہیں اور وہی ڈونر پسماندہ علاقوں کے پانچ ہزار بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بن رہے ہیں۔
زاہد سعید نے مزید کہا کہ جی سی ٹی کے سندھ بھر کے اسکولوں میں نادار گھرانوں کے 32199 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی سی ٹی ملک میں موجود ناخواندہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے حکومتی اداروں اور دیگر فلاحی تنظیموں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے ویژن 2025 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی سی ٹی اپنے منصوبے کے تحت اگلے سال کے آخر تک سندھ میں 250 سے زائد اسکول قائم کرنے کا ہدف رکھتی ہے، جہاں ایک لاکھ سے زائد ناخواندہ بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔