تشکر نیوز: مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، جس کے تحت یکم ستمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 5 سے 6 روپے کی کمی متوقع ہے۔ اس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی بتائی جا رہی ہے۔
تشکر نیوز کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ 15 دنوں میں 2 سے 2.30 ڈالر فی بیرل تک کم ہوئی ہیں۔ حتمی قیمتوں کا تعین شرح تبادلہ اور موجودہ ٹیکسوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے سے 5.50 روپے تک کمی کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق، پیٹرول کی اوسط عالمی قیمت 82.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 80.40 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 90.30 ڈالر سے کم ہو کر 88 ڈالر فی بیرل پر پہنچ چکی ہے۔
حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور تقریباً 18 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کر رہی ہے، تاہم جی ایس ٹی ان مصنوعات پر صفر ہے۔
گزشتہ دو مرتبہ کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول 14.64 روپے اور ڈیزل 17.56 روپے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے، اور موجودہ قیمتیں 260.96 روپے فی لیٹر (پیٹرول) اور 266.07 روپے فی لیٹر (ڈیزل) ہیں۔