ایرانی شہر یزد میں ایک افسوسناک حادثے میں پاکستانی زائرین کی بس کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 18 دیگر زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
سندھ ہائیکورٹ: پی آئی اے پر غیر ضروری درخواستیں دائر کرانے پر جرمانہ عائد
ڈان نیوز کے مطابق، یہ بس عراق جانے کے لیے ایران کے شہر یزد میں سفر کر رہی تھی، اور اس میں 53 زائرین سوار تھے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے تھا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ میرے پاس اس دکھ کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، لیکن ہم جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکام آج صبح سفارت خانے سے تقریباً 700 کلومیٹر دور یزد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ایرانی شہر زاہدان میں ایک افسر ہنگامی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، اور میں ایران کی حکومت اور یزد کے میئر کے دفتر سے رابطے میں ہوں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔ صدر نے وزارت خارجہ کو میتیں پاکستان لانے اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تہران میں پاکستانی سفارتخانے کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حادثے میں 35 پاکستانیوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے، اور کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔