تشکر نیوز: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا اجلاس ان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء کی دکانوں پر فروخت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
واٹس ایپ میں 2 نئے بہترین فیچرز کا اضافہ ہونے جارہا ہے
اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ رزل پیپر، رولنگ مشین، میتھ پائپ، گلاس پائپ اور دیگر اشیاء جو منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں، کی دکانوں پر فروخت کو روکا جائے۔ انہوں نے دکانداروں کو تاکید کی کہ وہ محکمہ ایکسائز کے ساتھ تعاون کریں اور منشیات میں استعمال ہونے والی اشیاء کی فروخت سے گریز کریں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ کسی بھی خانگی جگہ، گھر، ہوٹل یا ریسٹورنٹ پر منشیات کی فروخت کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی جائے گی۔ ایکسائز حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منشیات کی فروخت کی اطلاع ملنے پر اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد چھاپے مار سکتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے معاشرے میں منشیات کے بڑھتے رجحان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے منشیات کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ رینجرز اور پولیس مکمل تعاون کر رہی ہیں۔
انہوں نے ایکسائز کے موبائلوں کو مکمل طور پر فعال کرنے اور کراچی میں اہم مقامات پر چیک پوسٹس قائم کرنے کے احکامات دیے۔ ملیر، درخشاں، ہاکس بے اور دیگر اسٹریٹجک پوائنٹس پر محکمہ ایکسائز کی چوکیاں قائم کی جائیں گی۔
اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن محمد سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ پولیس کی جانب سے ایکسائز کے 216 جوانوں کی ٹریننگ جاری ہے اور 320 افسران نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو دیئے گئے ہیں۔