تشکر نیوز: سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی ضلع کورنگی و چیئرمین یوسی 8 احمد رضا نے سی او او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اسد اللہ خان کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ سیکٹر 50 سی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سیکٹر 50 ڈی اور 50 سی میں پانی کی فراہمی کے مسائل کا جائزہ لینا تھا۔
احمد رضا نے گزشتہ روز واٹر کارپوریشن کے دفتر میں ٹاؤن چیئرمین کورنگی محمد نعیم شیخ سے ملاقات کے دوران سیکٹر 50 ڈی اور 50 سی میں پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ اس ملاقات کے بعد، اسد اللہ خان نے افسران کو سائٹ سروے کے لیے بھیجا تھا تاکہ علاقے کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
احمد رضا نے یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد سیکٹر 50 ڈی اور 50 سی کی عوام کو پانی کے مسائل سے نجات ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے افسران نے آج کا دورہ مکمل کر لیا ہے اور جلد ہی رپورٹ سی او او اسد اللہ خان کو پیش کی جائے گی۔
اسد اللہ خان نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اس سال کے آخر تک نئی پانی کی لائن کی تنصیب کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ احمد رضا نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی کوشش ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔
احمد رضا نے مزید کہا کہ یہ 30 سالہ پرانا مسئلہ گذشتہ بلدیاتی حکمرانوں کی نااہلی کا نتیجہ تھا، لیکن اب پیپلزپارٹی کے جیالے میئر مرتضیٰ وہاب اور ٹاؤن چیئرمین کورنگی نعیم شیخ کی قیادت میں عوام کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی ہی عملی طور پر عوام کے مسائل حل کر رہی ہے اور پہلی بار شہر کی بلدیات کی باگ ڈور پیپلزپارٹی کے ہاتھوں میں آئی ہے، جو 30 سالہ محرومیوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔
دورے کے دوران احمد رضا کے ہمراہ کامران راجپوت، وارڈ کونسلرز سنی اسلام اور محمد اسماعیل بھی موجود تھے۔
#پیپلزپارٹی #سیکٹر50سی #پانی_کے_مسائل #احمد_رضا #بلدیاتی_سہولیات