تشکر نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ علما و مشائخ کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا پر جھوٹ، گالیوں اور ملک میں تقسیم در تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک کے قیام کے لیے قائداعظم کی قیادت میں تحریک چلائی گئی، اور ہم 14 اگست کو 77 واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ لاکھوں لوگوں نے اس ملک کے لیے جانوں کی قربانی دی، اور ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دیں۔ آج ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف زرداری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر دستخط کردیئے، بل قاعدہ قانون بن گیا
شہباز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور گالیوں کا طوفان برپا ہے، اور ملک میں تقسیم در تقسیم کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس سے قومی اتحاد کو خطرہ لاحق ہے۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما و مشائخ ملک کی نوجوان نسل کی اخلاقی قدروں کی اصلاح، وطن سے محبت اور اس کے دفاع میں جانوں کی قربانی پیش کرنے والے اداروں کے ساتھ عقیدت کا رشتہ مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
چوہدری سالک حسین نے قرآن حکیم اور احادیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے علما و مشائخ کی قدر و منزلت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ جماعت لوگوں کو حق کا راستہ دکھاتی ہے۔ یہ ممبر و محراب کے وارث ہیں اور ان کی رہنمائی ہمارے معاشرے کی مذہبی، معاشرتی، اخلاقی، اور روحانی تربیت کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ علما کرام اللہ اور اس کے بندوں کے درمیان رابطے کا اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کی تعلیمات ہمارے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ علما و مشائخ کی جماعت معاشرے کی اخلاقی اور دینی تربیت کی ذمہ دار ہے اور اس مقام و مرتبے کا تقاضا ہے کہ وہ پاکستان کو درپیش شر پسند عناصر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔