تشکر یوز: راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا دسویں روز میں داخل ہو گیا ہے، جس میں آئی پی پیز معاہدوں، مہنگی بجلی اور تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کو لگام دی جائے اور ان کی مراعات کم کی جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو دھرنوں کا سلسلہ مزید بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کراچی کے بعد پشاور اور لاہور میں بھی دھرنے شروع ہوں گے، اور جماعت اسلامی ملک بھر میں اپنے احتجاج کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں جاری دھرنے کی حمایت میں کراچی میں بھی احتجاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کی قیادت میں ریلی گورنر ہاؤس پر پہنچ چکی ہے، جو راولپنڈی میں جاری دھرنے کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ابھی تک عوامی مسائل کا حل تلاش نہیں کیا اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔