صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دی ہے نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی

کراچی (تشکُّر نیوز اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو 3 سے 4 ماہ ہوئے ہیں اس دوران ہر ممکن اقدامات کرکے صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دی ہے۔ ماضی کی کوتاہیوں کے باعث ہم پیچھے رہ گئے ہیں، لیکن ان خامیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ کراچی میں صفائی ستھرائی کے لئے سندھ سولڈ ویسٹ جس طرح اقدامات کررہا ہے، امید ہے سندھ بھر کے دیگر تمام اضلاع میں بھی ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ضلع جنوبی کی صفائی ستھرائی کی خدمات ترکیہ کمپنی کو فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔ تقریب سے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نسیم الدین میرانی، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں شہروں کی صفائی کا کام ترکیہ اور چائنز کمپنیز انجام دے رہی ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ضلع جنوبی میں پرانی کمپنی کی معاہدہ کی مدت کے اختتام کے بعد ترکیہ کمپنی کو خدمات سونپی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ترکیہ کی کمپنی آئسس (AYSIS)کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ سے درخواست کروں گا کہ وہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی صفائی کی خدمات انجام دیں، انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی کوتاہیوں کے باعث ہم پیچھے رہ گئے ہیں لیکن اب ان خامیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئپ پروجیکٹ بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا پروجیکٹ ہے جو اس ادارے کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوگا۔ مبین جمانی نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ ہم کراچی سمیت پورے سندھ کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنائیں۔ اس موقع پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کمپنی نے حیدرآباد میں صفائی کے بہترین امور انجام دے رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ ضلع جنوبی میں ہماری توقع کے مطابق کارکردگی دکھائیں گے۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نسیم الدین میرانی نے کہا کہ آئسس کمپنی اس کام میں کافی تجربہ رکھتی ہے اور جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کا استعمال کر کے کام انجام دے گی، ہم نے شہریوں کو صاف ستھرا اور صحتمند ماحول فراہم کرنے کا جو وعدہ کیاہے اسکی بتدریج تکمیل کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع جنوبی میں پچھلی کمپنی کی معیاد ختم ہونے کے بعد ٹینڈر کے ذریعے ترکیہ کمپنیAysis کے ساتھ9 سال کے لئے معاہدہ کیا گیا ہے۔ ضلع جنوبی تین زون پر مشتمل ہے صدر زون، لیاری زون، گارڈن زون، ضلع جنوبی میں ٹوٹل 957 ٹن کچرا روزانہ پیدا ہوتا ہے، پہلے مرحلے میں صدر زون میں کام کا آغاز کیا گیا ہے اور بالترتیب دیگر زونز میں کام شروع ہوگا، صدر زون سے روزانہ تقریباً 263 ٹن کچرا اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ترکیہ کی کمپنی کی گاڑیوں کی ٹوٹل تعداد صرف صدر زون کے لئے 83 ہے، جس میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے لئے 52منی ٹیپر، 13مختلف سائز کے کمپیکٹر (Compactors)، 3 ٹریکٹر لوڈر، 6 ڈمپر،1 کیٹرپلرCaterpiller، 5 ڈمپر، 2مکینیکل سوئپر، اور1 مکینکل واشر شامل ہیں جبکہ سوئپنگ کے عملے کی تعداد 385، ہیلپر 120،کنٹینرز 150، اور200 ڈسٹ بن شامل ہیں۔ تقریب سے قونصل جنرل ترکیہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں آئسس کمپنی کے سی ای او، ڈائریکٹرز، مہمانان گرامی اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!