تشکر نیوز: سوئی سدرن گیس نے اعلان کیا ہے کہ کل صبح سے پیر کی صبح تک شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
تشکرنیوز: کے مطابق، سوئی سدرن گیس کے ترجمان نے بتایا کہ 24 انچ قطر کی 31 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن پائپ لائن کو سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جس کی وجہ سے اتوار 28 جولائی صبح 5 بجے سے پیر 29 جولائی صبح 5 بجے تک کئی علاقوں میں گیس کی سپلائی بند رہے گی۔
ترجمان نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ عارضی بندش کے دوران متبادل ایندھن کا بندوبست کریں۔
کراچی کے جن علاقوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی ان میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، منگھو پیر ٹاؤن، قصبہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، گلبرگ، بفرزون، سائیٹ انڈسٹریل ایریا، بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن، ماڑی پور، گلشن معمار، احسن آباد، جہنجھار گوٹھ اور سائیٹ سپر ہائی وے شامل ہیں۔
دوسری جانب، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے غیر قانونی گیس کنکشن کے خلاف آپریشن تیز کردیا ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مزید 30 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے گئے اور 19 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، لاہور اور فیصل آباد میں نو غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے اور 13 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ملتان اور بہاولپور میں 17 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے اور شیخوپورہ و گوجرانوالہ میں 4 کنکشن منقطع کر کے 6 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔