مقبول اداکارہ کبریٰ خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک آتے ہی نوعمر لڑکی سے ملنے پنجاب کے دارالحکومت لاہور جائیں گی۔
چند روز قبل لاہور سے 13 سالہ لڑکی گھر سے پیسے چرا کر کبریٰ خان سے ملنے کے لیے کراچی پہنچیں تھیں۔
نو عمر لڑکی کے والدین نے پولیس کو بیٹی کے مبینہ اغوا کی شکایت کی تھی، جس پر لاہور پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 13 سالہ لڑکی کو کراچی سے دو دن کے اندر باحفاظت بازیاب کرالیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں کے فیصلے پر رہنمائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
پولیس کے مطابق گھر سے لاکھوں روپے لے کر فرار ہونے والی لڑکی کبریٰ خان سے ملنے کے لیے کراچی پہنچی تھیں۔
لڑکی نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ کبریٰ خان کی بڑی مداح ہیں اور انہوں نے اداکارہ کا صنف آہن ڈراما دیکھنے کے بعد ان سے ملنے کا پروگرام بنایا اور دوستوں نے انہیں بتایا کہ اداکارہ کراچی میں رہتی ہیں، اس لیے وہ گھر سے پیسے لے کر فرار ہوئی تھیں۔
کبریٰ خان کی لڑکی کی باحفاطت واپسی کے بعد ان کی سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہوئی تو اداکارہ نے بھی اپنا رد عمل دیا۔
کبریٰ خان نے گھر سے فرار ہونے والی لڑکی کے لیے انسٹاگرام اسٹوری میں پیغام لکھا کہ وہ ان سے ملنے لاہور آئیں گی۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے کبھی نہیں چاہا کہ ان کے مداح اپنی حفاظت کو نظر انداز کیے بغیر ان سے ملنے پہنچیں، ان کے لیے مداحوں اور خیر خواہوں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔
کبریٰ خان نے اپنے تمام مداحوں سے التجا کی کہ وہ سب سے پہلے اپنی اور اہل خانہ کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنائیں اور ایسا کوئی کام نہ کریں، جس سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اس وقت کراچی میں نہیں بلکہ لندن میں ہیں اور وہ وطن واپسی پر مداح لڑکی سے ملنے جائیں گی۔
کبریٰ خان نے اعلان کیا کہ وطن واپسی پر وہ لاہور جاکر اپنی مداح لڑکی سے ملاقات کریں گی لیکن تب تک وہ لڑکی اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔