ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن انسپکٹر راؤ شبیر احمد کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کیں۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی نے بتایا کہ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی آج شامل تفتیش نہیں ہوئے
پہلی کارروائی میں اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان نذیر احمد اور ظہیر عباس کو گرفتار کیا گیا۔ ان ملزمان نے گزشتہ ماہ منگھوپیر کے علاقے سے دو موٹرسائیکلیں چھینی تھیں، جس کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں دفعہ 397/34 کے تحت درج ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مذکورہ واردات میں چھینی گئی ایک موٹرسائیکل برآمد کر کے مزید تفتیش کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے حوالے کر دی گئی۔
دوسری کارروائی میں فیکٹری سے 15 لاکھ روپے چوری کے مقدمہ میں مطلوب ملزمان ابراہیم اور محمد اسماعیل کو گرفتار کیا گیا۔ ان ملزمان نے 16 جولائی 2024 کو آفریدی چوک اتحاد ٹاؤن میں واقع ایک فیکٹری سے 15 لاکھ روپے چوری کیے تھے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن یونٹ کے حوالے کیا گیا۔