اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کا بیورو چیف زخمی، خاندان کے افراد پہلے شہید ہو چکے

ویب ڈیسک،

جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیل کی جانب سے بدترین جارحیت جاری ہے جہاں فضائی حملوں میں معصوم فلسطینیوں سمیت قطری میڈیا الجزیرہ غزہ کے بیوروچیف زخمی اور ان کا کیمرامین شہید ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز خان یونس میں قائم فرحانا اسکول پر اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کیے گئے جہاں الجزیرہ کے بیورو چیف (Wael Dahdouh) اور کیمرامین (Samer Abudaqa) صورت حال سے آگاہ کررہے تھے کہ اسی دوران میزائل آگرا جس کے نتیجے میں کیمرا مین اور بیورو چیف زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ صبح ساڑھے 6 بجے کیا گیا جب کہ اسرائیلی فورس کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد زخمیوں کیلئے ایمبولینس روانہ کی گئی لیکن بدقسمتی سے راستے میں ملبے کا ڈھیر پڑا ہونے کی وجہ سے ایمبولینس بروقت نہ پہنچ سکی جس سے کیمرامین شہید ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلڈوزر کی مدد سے ملبہ اٹھایا گیا اور پھر زخمی بیورو چیف سمیت شہید کیمرامین کو ناصر اسپتال منتقل کیا گیا۔

الجزیرہ کے بیورو چیف نے انٹرویو میں بتایا کہ’میں اور کیمرا مین سول ڈیفنس کے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تھے جو ملبے سے ایک خاندان کو نکالنے کے لیے کام کر رہے تھے اور اتنے میں ایک زور دار آواز آئی جو سمر کی جان لے گئی’۔

فلسطین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ الجزیرہ کے صحافیوں کے علاوہ حملے میں فلسطین نیو پریس ایجنسی کا ایک صحافی اور سول ڈیفنس ٹیم کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔

واضح رہے  کہ الجزیرہ غزہ کے بیورو چیف کا خاندان اکتوبر میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگیا تھا، ان کے خاندان میں اہلیہ، بیٹا، بیٹی اور ایک پوتا شامل تھے۔

ادھر شہید ہونے والا کیمرامین 4 بچوں کا باپ ہے جو خان یونس کے قریب اباسن الکبیرہ کا رہائشی تھا۔

 

 

7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 797 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 50 ہزار سے زائد زخمی ہیں اور 7 ہزار 780 سے زائد افراد لاپتا ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!