پیپلز پارٹی اور آئی پی پی کا لاہور ہائیکورٹ میں عام انتخابات کیس میں پارٹی بننے کا فیصلہ

تشکور نیوز رپورٹنگ،

آصف زرداری کا فوری طور پر پٹیشن فائل کرکے فریق بننے کا فیصلہ ،آئی پی پی نے بھی قانونی ٹیم کو فریق بننے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور ہائیکورٹ میں عام انتخابات کیس میں پارٹی بننے کا فیصلہ کر لیا۔پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری نے فوری طور پر پٹیشن فائل کرکے فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی نے بھی لاہور ہائیکورٹ میں عام انتخابات کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان آئی پی پی عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ہماری قانونی ٹیم فریق بننے کی درخواست دائر کرے گی۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر عام انتخابات ضلعی انتظامیہ سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے 8 فروری کے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا۔

 

 

جسٹس علی باقر نجفی نے تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ایک رکنی بینچ نے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ عدالت نے انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی، جسٹس علی باقر نجفی نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔ بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے لئے پنجاب کی بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسروں کو لینے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں عام انتخابات کیس آج ہی ہنگامی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ انتخابات کے تاخیر شکار ہونے کی افواہوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سپریم کورٹ آمد ہوئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی چیف جسٹس فائز عیسی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شریک تھے۔چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات میں اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ججز کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع سے آگاہ کیا۔ چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد صورتحال پر سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز سے مشاورت کی، مشاورت کے بعد اٹارنی جنرل اور چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کیلئے بلایا گیا،بتایا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ میں عام انتخابات کیس آج ہی ہنگامی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!