پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا گیا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 628 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 38 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 628 پوائنٹس یا 0.84 فیصد بڑھ کر 75 ہزار 506 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 74 ہزار 878 پر بند ہوا تھا۔
اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 628 پوائنٹس کا اضافہ
ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو رضا جعفری نے مثبت رجحان کو مورگن اسٹین لے کیپٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) کی جانب سے آج ہونے والی ششماہی انڈیکس ری بیلسنگ اور مزید بیرونی خریداری کے توقعات قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار مہنگائی کم ہونے پر بھی نظریں رکھے ہوئے ہیں، جس کا اعلان پیر کو متوقع ہے، ان دنوں عناصر نے کے ایس ای-100 انڈیکس کو بڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔
پاک بھارت میچ میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، دفتر خارجہ
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں بحالی کی وجہ مہنگائی 14 فیصد سے کم رہنے کی توقعات ہیں، جس کے اعداد و شمار کل جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ایم ایس سی آئی کی آج ہونے والی ری بیلسنگ نے بھی مثبت کردار ادا کیا ہے۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا کہ آئندہ زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی توقع پر آج صبح مارکیٹ میں تیزی آئی۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا تھا کہ اسٹاک میں اضافہ آئی ایم ایف کی جانب سے اس بیان کے بعد ہوا کہ پاکستان کے لیے نئے قرض پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدے کے لیے ’نمایاں پیش رفت‘ ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور سعودی عرب کو ریکوڈیک کے حصص کی خبروں نے بھی مثبت کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ 15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے کہا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی آ رہی ہے کیونکہ ’مئی میں مہنگائی کی شرح میں 13 فیصد تک کی نمایاں کمی ہونے کی توقع ہے، انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا تھا کہ ’جون میں زری پالیسی میں نرمی کی توقعات بھی ہیں‘۔
10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔