سندھ اور پنجاب سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ بیشتر شہروں میں ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں لو کے تھپیڑوں اور سورج سے برستی آگ کے باعث شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، رحیم یار خان، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
لاڑکانہ اور جیکب آباد آج بھی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کے گرم ترین مقامات رہیں گے، خیرپور میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن، چھور، مٹھی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ پر اجلاس: صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں کی کے الیکٹرک انتظامیہ پر سخت تنقید
اس کے علاوہ ضلع سانگھڑ میں پارہ 47 ڈگری تک جاپہنچا، حیدرآباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید گرمی کے باعث فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے شہریوں پر پانی کا چھڑکاؤ شروع کردیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں:
پنجاب کے بیشتر شہر بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، لاہور میں صبح کے وقت درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دوپہر کے وقت 43 ڈگری تک پہنچ گیا۔
رحیم یارخان میں آج گرم ترین دن ہے جہاں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، شیخوپورہ میں پرندے بھی شدید گرمی سے متاثر ہوکر گرنے لگے۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ملتان اور فیصل آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات آج سے دے دی گئی ہیں۔
گرمی کی شدت کی مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے موسم سرما کی چھٹیاں یکم جون کی بجائے 25 مئی سے کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا تاکہ بچوں کو گرمی کی شدت اور ہیٹ ویو سے محفوظ رکھا جاسکے۔
پشاور میں بھی سورج سوا نیزے پر آگیا۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔ پشاور، مردان اور قریبی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
کراچی میں شہری گرمی سے پریشان:
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعہ) اور کل درجہ حرارت 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
چیف میٹرولو جسٹ کراچی سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت میں 2 تا 3 ڈگری اضافے کا امکان ہے، کراچی سمیت دیہی سندھ میں جاری گرمی کی لہررواں ماہ کے آخرتک برقراررہ سکتی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا انتباہ کے باوجود بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی بندش سے مستثنی علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے شدید گرم موسم میں شہری پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کی احتیاطی تدابیر کے میسج آرہے ہیں کہ کھلی جگہ میں رہیں اور پنکھے سامنے رکھیں، لیکن اس کے لیے ہمیں بجلی بھی تو فراہم کی جائے۔