سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

تشکور نیوز رپورٹنگ،

دونوں کا صحت جرم سے انکار‘ عدالت نے استغاثہ سے شواہد طلب کرلیے‘ کیس کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد: سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس پر سماعت کی، آج ہونے والی سماعت کے دوران سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی، فرد جرم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پڑھ کر سنائی، تاہم شاہ محمود قریشی اور عمران خان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔بتایا گیا ہے کہ ایف آئی کے سپیشل پراسیکیوٹرز شاہ خاور اور ذوالفقار عباسی نقوی عدالت میں پیش ہوئے، سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل عثمان گل اور شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک بھی عدالت میں موجود تھے، فرد جرم عائد ہونے کے بعد سائفر کیس کا باقائدہ ٹرائل اڈیالہ جیل میں شروع ہوجائے گا، عدالت نے استغاثہ سے شواہد طلب کرتے ہوئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ سائفر کیس میں سماعت کے لیے مخصوص افراد کو اندر داخل کیا گیا، میڈیا کے دوستوں کو اجازت ہونے کے باوجود اوپن ٹرائل میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، میڈیا کے مخصوص افراد کو جج سے 50 فٹ کے فاصلے پر بیٹھایا گیا، ہم اس قسم کے اوپن ٹرائل کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے اوپن ٹرائل کے حوالے سے درخواست دے دی ہے، سائفر ٹرائل پہلے بھی جلد بازی میں کیا گیا جس پر ساری کاروائی کالعدم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ فیملیز کے لوگوں کو 45 منٹ تک روکا گیا، جج کے پیچھے 15 سے 20 پولیس اہلکار موجود تھے، جج نے نوٹس لیا کہ میں نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا تو یہ پولیس اہلکار کیوں کھڑے ہیں؟ جج قانون کو فالو نہیں کرنا چاہتے، پہلے کی غلطیاں دوبارہ دہرائی جارہی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ کے فیصلے کے بعد اس ٹرائل کا آغاز کیا جانا چاہیئے تھا، یہاں ٹرائل سپیڈ سے اور ہائیکورٹ میں سلو چل رہا ہے، عمران خان کے حوالے سے دی گئی درخواست کو ابھی تک نہیں سنا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!