معروف فاسٹ فوڈ کمپنی ’کے ایف سی‘ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے ردعمل میں ہونے والے بائیکاٹ کے بعد ملائیشیا میں اپنے 100 سے زائد آؤٹ لیٹس بند کردیے۔
بائیکاٹ مہم کا اثر، امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی نے ملائیشیا میں اپنے آؤٹ لیٹس بند کردیے
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی وجہ سے دیگر مسلم ممالک کی طرح ملائیشیا میں بھی مغربی فاسٹ فوڈ ریسٹورانز کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔
ملائیشیا میں ’کے ایف سی‘ اور ’پیزا ہٹ‘ ریسٹوران چلانے والی کمپنی کیو ایس آر برینڈ (ایم) ہولڈنگ بی ایچ ڈی نے سخت معاشی حالات کی وجہ بتاتے ہوئے ’کے ایف سی‘ کے آؤٹ لیٹس کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’کیو ایس آر برانڈز اور کے ایف سی ملائیشیا نے بڑھتی ہوئی کاروباری لاگت کو سنبھالنے اور مصروف تجارتی علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے آؤٹ لیٹس کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ’سخت معاشی حالات کی وجہ سے‘ کتنے آؤٹ لیٹس متاثر ہوئے ہیں لیکن مقامی میڈیا کے مطابق ملک میں 100 سے زیادہ آؤٹ لیٹس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
کیو ایس آر برانڈز نے بتایا کہ عارضی طور پر بند ہونے والے اسٹورز پر کام کرنے والے ملازمین کو دوسرے اسٹورز میں منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔