کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پر فیکٹری میں آگ لگ گئی۔
تشکر نیوز کے مطابق اطلاع ملتے ہی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 4 فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ فیکٹری کی دوسری منزل آگ کی لپیٹ میں ہے جس پر قابو پانے کی جدو جہد کی جارہی ہے، فیکٹری میں تولیہ کا گودام ہے جہاں پیکنگ کی جاتی ہے اور ساتھ کپرے بنانے کا کام بھی کیا جاتا ہے، صبح 6.30 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں اور واٹر ٹینڈرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
پولیس حکام بھی وقوعہ پر موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور تا حال آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
واضح رہے کہ 27 جنوری کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 7 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا اور واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
اس سے قبل 21 جنوری کو کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں رات گئے کباڑ کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔
بھینس کالونی میں رات گئے کباڑ کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی تھی۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔
4 جنوری کو کراچی کے علاقے تین ہٹی کے پُل کے نیچے لگنے والی آگ کے نتیجے میں 60 سے زائد جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں تھی۔