کراچی(تشکر نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی مشروط اجازت دیدی۔ سندھ میں سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور عدالت نے صوبائی حکومت کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنےکی مشروط اجازت دے دی ہے۔
عدالت نے سندھ حکومت کو مختلف محکموں میں گریڈ 1 سے 15 تک سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی اجازت دی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ظفراحمد راجپوت نے ریمارکس دیے کہ نئے سرے سے اشتہارات جاری کر کے ملازمتیں فراہم کی جائیں تو عدالت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالت نے سرکاری نوکری دینے کے لیے جو ایس او پیز مقرر کیے ہیں ان کے مطابق کارروائی کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل ہو چکی ہے، اگر شفاف طریقے سے ملازمتیں دی جائیں تو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے ایم کیو ایم کی درخواست پر اگست 2023 میں سندھ میں سرکاری ملازمتوں پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔