تشکر نیوز: کراچی میں ڈاکو چلتی بائیک سے ایم کیو ایم کی خاتون رہنما سے پرس چھین کر فرار ہوگئے۔ ترجمان ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے مطابق رہزنی کا واقعہ ایم کیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی ایڈہاک کمیٹی کی رہنما شاہینہ سہیل کے ساتھ ناظم آباد میں پیش آیا۔ واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان نے خاتون رہنما سے پرس چھیننےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ فوٹیج میں واضح ہےکہ کس طرح ڈاکو بیدردی سے چلتی بائیک سے خاتون سے پرس چھینتے ہوئے فرار ہوا۔
ترجمان کے مطابق شاہینہ سہیل پرس چھینےجانےکے بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور بری طرح گر پڑیں،گرنےکی وجہ سے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان کے مطابق چند ماہ قبل لیاقت آباد میں شعبہ خواتین کی رکن رخشندہ بھی پرس چھیننےکے واقعے میں شہید ہوچکی ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کا کہنا ہےکہ کراچی میں جرائم پیشہ ڈکیت سرعام دیدہ دلیری سے ڈکیتیاں کر رہے ہیں، بزرگ خواتین تک ان سے محفوظ نہیں، صوبائی حکومت، پولیس و انتظامیہ شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے۔کراچی کے شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاست پاکستان کی جانب سے ایکشن کے منتظر ہیں۔