کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے شہر قائد میں ایک ہی دن میں 5 پارکوں کا افتتاح کردیا۔
کراچی میں طویل عرصے سے بدحال پانچ پارکوں کی ازسر نو بحالی اور تزئین وآرائش کے بعد بدھ کو باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ ان میں ناظم آباد ماڈل پارک بالمقابل الخدمت اسپتال، ذیشان حیدر پارک ناظم آباد نمبر 1، شالامار پارک ناظم آباد گول مارکیٹ فیملی پارک بلاک این اور خوشبو لیڈیز پارک بلاک اے نارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے پانچوں پارکس کے دورے اور افتتاح کے موقع پر ماڈل پارک ناظم آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل ناظم آباد کے لیے پر مسرت موقع ہے جہاں ماڈل پارک تعمیر کیا گیا ہے۔ آج سے 20 سال قبل سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اسی ماڈل پارک کا افتتاح کیا تھا۔ جماعت اسلامی نعمت اللہ خان کے عوامی خدمات کے مشن کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس جتنے بھی ٹاؤنز ہیں ان میں اختیارات سے بڑھ کر اورتمام تر روکاوٹوں کے باوجود ہمارے ٹاؤنز چیئرمین کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤنز میں مختص کیا گیا بجٹ عوام کے لیے خرچ کیا جائے گا۔ ناظم آباد ماڈل پارک میں بچوں کے لیے لائبریری اور اُن لوگوں کے لیے ورک پلیس بھی بنائیں گے جن کے پاس کام کرنے کی جگہ نہیں ہے۔
حافظ نعیم نے کہا پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم دونوں نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کا حق حاصل حاصل کر کے رہے گی۔ انہوں نے کہا ایم کیوا یم رجیم چینج کے موقع پر پی ڈی ایم کے ساتھ تھی، نواز لیگ اور پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل تھیں۔ ایم کیوا یم نے 16 ماہ میں وہ آئینی ترمیم کیوں نہیں کی جس کی اب بات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا جماعت اسلامی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اہل کراچی کی نمائندگی کرے گی۔ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی بڑی تعداد میں ووٹ دے کر کامیاب کریں۔