کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان و سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہےکہ ملک میں الیکشن کیلئے سوائے پیپلز پارٹی کے کوئی جماعت سنجیدہ نظر نہیں آتی،مسلم لیگ ن کے ایما پر بشیر میمن نے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ پر کیسز بنائے،سابق بیورو کریٹ اب سرکاری افسران کو دھمکیاں دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں پہلے سے زیادہ نشستیں لے کر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان منتخب کروائے گی، یہ بات انھوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،عاجز دھامراہ کا کہنا تھا کہ بشیر میمن نے ہمیشہ اپنے پلڑے کا جھکاؤ ن لیگ کی طرف رکھا ہے اور آج وہ سندھ کے سرکاری افسران کو فون پر دھمکیاں دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر پیپلز پارٹی کی حمایت کے الزام لگائے جاتے ہیں کراچی کی دعویدار نابالغ پارٹیاں اپنی جماعت کے اندرونی اختلافات چھپانے کیلئے الزام تراشیوں کی سیاست کر رہی ہیں۔