حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب

(کراچی (تشکر نیوز) امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمن کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب کیے گئے ہیں، وہ 2029 تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیر رہیں گے۔ اس سے قبل حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی کراچی کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر الیکشن کمیشن جماعت اسلامی اور نائب امیر راشد نسیم نے ان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے نئے امیر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 1941 سے ہر 5 سال بعد انتخاب ہوتے ہیں، یہ جماعت اسلامی کا مسلسل 19 واں انتخاب ہے، جماعت اسلامی کے انتخابات کی امارت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کسی مخصوص علاقے کی جماعت نہیں ہے، شوری نے 3 نام امیر تجویز کیے تھے لیکن اس کے ساتھ کارکن آزاد ہیں وہ کسی اور کو بھی ووٹ دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 19 فروری سے بیلٹ کی تقسیم کا کام شروع ہوگیا تھا، 45 ہزار 8 سو 21 ارکان کو بیلٹ تقیسم کیے گئے، 82 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن اس عہدے پر فائز ہونے والے چھٹے شخص ہیں، ان سے قبل مولانا ابوالاعلیٰ مودودی (1941-72)، میاں طفیل محمد (1972-87)، قاضی حسین احمد (1987-2008)، منور حسن (2008-2013) سراج الحق (2013-2024) تک بطور امیر جماعت اسلامی فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امیر کے انتخاب کے لیے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمٰن شامل تھے۔ قبل ازیں ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مکمل جمہوری جماعت ہے، امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے، دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ پانچ سال کے لیے کیا گیا ہے، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے۔ قیصر شریف نے بتایا تھا کہ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا، امیر جماعت کے لیے تین ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمٰن شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے تھے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کون ہیں

حافظ نعیم الرحمٰن نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن وہ اس سیٹ سے دست بردار ہوگئے تھے اور کہا تھا کہ یہ نشست تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے جیتی ہے اور انہیں صرف جماعت اسلامی کی جانب سے رائے الیکشن نتائج کے خلاف مزاحمت اور احتجاج کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے فاتح قرار دیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمٰں نے پارٹی کے کراچی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمیں ایسا ایک بھی ووٹ نہیں چاہیے جو ہمارا نہ ہو اور ہم اپنا ایک ووٹ بھی نہیں چھوڑیں گے، وہ مخالف امیدوار سے ایک ہزار ووٹ سے ہارے ہیں اس لیے ان کا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ وہ یہ سیٹ قبول کریں۔

ان کے اس اعلان کے باوجود، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلی کے حلقے سے معمولی تاخیر کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!