پاکستان تحریک انصاف نے عید کے بعد انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ ہم عید کے بعد بھرپور تحریک چلائیں گے اور ہم اگلے اجلاس میں جلسوں کا شیڈول جاری کریں گے۔
قبل ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا ایک بڑا اتحاد بن چکا ہے اور اس کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ سپریم جوڈیشل کونسل اور سپریم کورٹ مشکوک خطوط کے معاملے پر فل کورٹ بینچ بنا کر اس کی سماعت کرے گا اور ضرور ان اداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے فوکل پرسن کی کمیٹی کا اعلان کیا ہے جس میں میں، شبلی فراز، علی ظفر، نعیم پنجوتھا، بیرسٹر گوہر شامل ہیں۔
عمر ایوب نے بتایا کہ کسی کو یہ ان کے خیالوں میں نہیں ہونا چاہیے کہ بشری بی بی عمران خان کی کمزوری ہیں بلکہ وہ تو ان کی طاقت ہیں، ان کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا ان کی کافی تکلیف ہوئی تھی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بشری بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے۔