ہماری مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اپنی مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئین کا تحفظ پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، اس ملک میں بار بار آئین کو توڑا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑی تھی، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 دن میٰں الیکشن کروانا ہے لیکن نہیں کروائے گئے، اس کے بعد سے آئین مسلسل توڑا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دی گئیں، ہم سے ہمارا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں واضح کرتا ہوں کہ ہم لڑیں گے، اس صورتحال کا مقابلہ کریں گے اور آخری حد تک جائیں گے، ہم کسی صورت مخصوص نشستوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنی مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آج رات ساڑھے 8 بجے ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے، جہاں ہم اسی حوالے سے کچھ قراردادیں منظور کریں گے۔ واضح رہے کہ آج ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) کی 30 خالی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے جوکہ شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

اسمبلی میں سینٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے، پولنگ عملہ بھی موجود تھا تاہم اسمبلی میں مقررکردہ وقت (9 بجے) سینیٹ انتخابات شروع نہ ہوسکے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے انتخاب ملتوی کرنے کا اعلان کیا، قبل ازیں آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی تھی۔

 

 

درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمیشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، الیکشن ملتوی کیا جائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی صوبائی اسمبلی پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ارکان سے مشاورت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!