اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے ملاقات کی، جس کے دوران توانائی میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے ماسکو میں حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ متعدد شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے صدر پیوٹن کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے، توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ روس تعلیم اور ثقافت میں بھی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک شنگھائی تعاون تنظیم میں بھی سرگرم عمل ہیں۔