لاہور(تشکر نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسیحی ملازمین کیلیے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر بونس کا اعلان کردیا۔ تشکر نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کے لیے خوش خبری سنائی گئی ہے، جس میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے مواقع پر مسیحی ملازمین کے لیے 5000 روپے بونس کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 9199 سینٹری ورکرز 73 سپر وائزرز، 250 ڈرائیورز، 6 ہیلپرز کو گڈ فرائیڈے اور ایسٹر بونس دیا جائے گا۔ گڈ فرائیڈے کی چھٹی سے قبل شہر بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔ تمام ورکرز اپنی شفٹ سے 2 گھنٹے زائد فیلڈ میں کام کریں گے۔
ایسٹر تقریبات سے قبل شہر کے 266چرچز کی صفائی دھلائی یقینی بنائی جائے گی۔ 78کر سیچن کالونیز میں خصوصی طور پر مینوئل سویپنگ اور اسکریپنگ کا عمل مکمل کیاجائے گا۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر آپریشنل مشینری فیلڈ میں متحرک رہے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ شہر کو صاف رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی عملے کا ساتھ دیں۔