الائچی سسٹم کے پرانے مہرے نئی پیکنگ میں، بلڈنگ کنٹرول میں لوٹ مار کا نیا ”سسٹم” متعارف

کراچی (رپورٹ فراز حسین – تشکر نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں نیا پینڈورا باکس کھل گیا ۔ آڈیولیکس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔ ذرائع سے حاصل ہونیوالی آڈیو میں سسٹم کا ایک اور رکھوالا فرحان عرف کالا کھلے عام نگراں حکومت کے ادارے میں سسٹم ختم ہونے کے بلند بانگ دعووں کی پول کھول رہا ہے ۔ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ فرحان عرف کالا ماضی میں سسٹم موجود ہونے اور نئے سسٹم کی آمد کا اعتراف کر رہا ہے ۔

ادھر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن کی گتھیاں سلجھنے کا نام ہی نہیں لے رہیں ۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ ڈی جی اسحاق کھوڑو کوہٹائے جانے کے باوجود ان کا بدنام زمانہ ریکٹ فعال ہے ، ریحان الائچی، بینش شبیر، امتیازالحق’عرف شیخ صاحب) ہٹ دھرمی، من مانی اور لوٹ مار سے باز آنے کانام نہیں لے رہے۔22مارچ کی رات کو اسحاق کھوڑو سے پچھلی تاریخوں میں غیرقانونی طور کچھ فائلوں دستخط کروائے گئے ۔ اس واردات کا پتہ چل گیا ان کی گاڑیوں کی تصاویر جس میں نمبر پلیٹس نمایاں تھیں انہیں نئے ڈی جی بلڈنگ کنٹرول عبدالرشید سولنگی کو بھیجا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس پر نئے ڈی جی نے فوری ایکشن لیا اور ہفتہ اور اتوار کو جب ادارے کی چھٹی ہوتی ہے انہوں نے بینش شبیر اور ریحان الائچی اور دیگر کو طلب کرکے فائلیں منگوائیں ۔اس سارے معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی لیکن حیرت انگیز طور پر ثبوت ہونے کے باوجود بینش شبیر نے سارے معاملے سے لاتعلقی ظاہر کردی ۔ اب یہاں پر یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا مذکورہ فائلیں ان لوگوں سے برآمد کی جاسکیں گی یا نہیں ۔

یہ بھی سوال اپنی جگہ پر ہے کہ کیا نئے ڈائریکٹر جنرل ان پانچوں افراد یعنی سابق ڈی جی بلڈنگ کنٹرول اسحاق کھوڑو،ریحان الائچی،بینش شبیر، شاہد درانی،امتیاز الحق (عرف شیخ صاحب) کے خلاف کوئی موثر انکوائری کرپائیں گے؟ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن اور لوٹ مار کے معاملات اس قدر پیچیدہ ہوچکے ہیں کہ ان پر قابو پانے کیلئے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے ذرائع کے مطابق الائچی سسٹم کی ایک اور چال سامنے آگئی ۔ پرانے مہروں کو نئی پیکنگ میں پیش کیا جارہا ہے ۔ بلڈنگ کنٹرول کے سابق ڈی جی اسحاق کھوڑو کے دست راست امتیاز الحق کو موجودہ ڈی جی عبدالرشید سولنگی کو بطور تحفہ پیش کیا گیا ۔ اس کارروائی کا مقصد صرف یہ ہے کہ الائچی سسٹم ماضی کی طرح اپنی لوٹ مار کی کارروائیاں جاری رکھ سکے ۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ امتیاز الحق نامی یہ اہلکار انتہائی زیرک اور لوٹ مار کے معاملات میں طاق ہے انہیں شیخ صاحب کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے ماضی میں ظفر احسن کے دور میں مبینہ طور پر شیخ صاحب نے کرپشن کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔ ان کی وارداتوں کی تمام تر تفصیلات ثبوتوں کیساتھ روزنامہ تشکر عنقریب اپنی ایک خصوصی تحقیقاتی رپورٹ میں منظرعام پر لائیگا ۔ واقفان حال بتاتے ہیں کہ امتیاز الحق عرف شیخ صاحب ماضی میں ظفراحسن کا دست راست رہا ہے اور اس دفعہ ریحان الائچی کے ساتھ مل کرمبینہ طور پر پرانی تاریخوں میں بغیر اپروول نقشے بھی نکال چکا ہے اب وہ مکمل طور پر ریحان الائچی کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق امتیاز الحق چونکہ اسحاق کھوڑو کا دست راست رہا ہے اس لئے اس پر ہمیشہ نوازشات کی بارش ہوتی رہے ہے ۔ اسے ہمیشہ پرکشش اور مال بنانے والے عہدوں پر تقرریاں ملیں کبھی وہ ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ اور کبھی دیگر اہم ترین عہدوں پر فائز رہا ہے اس مرتبہ امتیاز الحق کو نئے آنے والے ڈی جی کا پرسنل اسٹاف افیسر تعینات کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد عبدالرشید سولنگی کے دور میں بھی الائچی سسٹم کو فعال رکھنا ہے ۔

روزنامہ تشکر نیوز وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیربلدیات سعید غنی، مقتدر حلقوں اور احتساب کے دیگر اداروں سے بلڈنگ کنٹرول کے ان کرپٹ افسران کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہے ۔ ان راشی افسران کو فی الفور معطل کرکے انکوائری کی جائے اور اس حوالے سے جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ ملک کے قیمتی ریونیو کو لٹنے سے بچایا جاسکے۔ دوسری جانب پندرہ لاکھ دو ۔ ترقی کا لیٹر لو ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں الائچی سسٹم نے نئے ”پروجیکٹ” پر کام شروع کردیا ، ذرائع کے مطابق مشتاق سومرو، ریحان الائچی، بینش شبیر، شاہد درانی، امتیاز الحق عرف شیخ صاحب نے ادارے میں ایک دو دن میں ہونے والی ڈی پی ایس ترقیوں کیلئے رشوت کی بولی لگانا شروع کردی ہے۔ کھلے عام منادی کرادی گئی ہے کہ جس کو ترقی چاہیے وہ مبلغ 15لاکھ روپے جمع کرادے ۔ ذرائع کے مطابق ریحان الائچی نے اپنے فرنٹ مینز کو پیسہ اکٹھا کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ کہانی کے تانے بانے یہ ہیں کہ سابق ڈائریکٹرجنرل اسحاق کھوڑو نے جن لوگوں کو اس دور میں ریحان الائچی کے ایما پر قربانی کا بکرا بنایا تھا اور بغیر کسی انکوائری یا ادارہ جاتی کارروائی کے معطل کردیا تھا اب پھریوٹرن لیتے ہوئے ان سے مال بٹورنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

 

 

اس طرح اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں ترقیوں کے نام پر کروڑوں روپے کی لوٹ مار کا پلان تیار کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق لوٹ مار کی یہ رقم ریحان الائچی نئے آنے والے ڈائریکٹرجنرل عبدالرشید سولنگی کی نذر کریگا تاکہ خود کو کرپشن کا ایک طاق اور فعال مہرہ ثابت کرکے اپنے سسٹم کو نہ صرف برقرار رکھ سکے بلکہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی بھی دے سکے۔ شہری حلقے اب بھی مسلسل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی درخواست کررہے ہیں کہ سندھ کے اہم ترین شہری ادارے میں بیٹھی ان کالی بھیڑوں کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دیں اور پاکستان اور کراچی کے ریونیو کی کھلی لوٹ مار کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!