کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران یوبی ایل کمپلکس میں شاداب خان ان فٹ ہوئے، گراؤنڈ میں اسٹریچر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کندھے پر اٹھا کر ڈریسنگ روم پہنچایا گیا جس سے پی سی بی حکام ناراض ہیں۔ دو روز پہلے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر پنڈی اور سیالکوٹ کے درمیان میچ ہوا فیلڈنگ کے دوران شاداب خان کا پاؤں مڑ گیا تھا ۔ سوشل میڈیا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پی سی بی ایکشن میں آگیا۔بورڈ پنڈی کرکٹ ٹیم منیجمنٹ کو شوکاز نوٹس دینے پر غور کررہا ہے۔یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک طوفان آ گیا۔ صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ کس دور کی کرکٹ کھیلی جا رہی ہے۔ بھارت کے میڈیا نے بھی اس ایشو کو اٹھایا کہ پاکستان کے گراؤنڈز میں کھلاڑیوں کیلئے اسٹریچر کی سہولت تک دستیاب نہیں ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ گراؤنڈ کے باہر ایمبولنس موجود تھی لیکن کھلاڑیوں نے انہیں کندھے پر اٹھالیا۔ پنڈی کے کھلاڑیوں کی غلطی ہے کہ انہوں نے اسٹریچر کیوں استعمال نہیں کیا اس کی پی سی بی تحقیقات کرارہا ہے۔ شاداب خان زخمی ہونے کے بعد ذمے داری فیلڈ امپائر کی تھی کہ وہ اسٹریچر طلب کرتے اس کے بعد ٹیم منیجر اور کوچ کا کام تھا کہ وہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے،ذرائع کے مطابق یہ معاملہ باہمی رابطوں کے فقدان کی وجہ سے پیش آیا۔