کراچی (تشکر نیوز) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی کی زیر صدارت کانفرنس ہال ایس بی سی اے ہیڈکوارٹر کراچی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نئے ڈائریکٹر جنرل نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے تعارف کے ساتھ امور فرائض اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات سے متعلق بریفننگ سمیت ادارے کے امیج میں بہتری کے لئے مختلف امور زیر غور لائے گئے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ تعمیراتی لاقانونیت پر ہر صورت قابو پانا ہوگا اس سلسلے میں فیلڈ اسٹاف پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ دباؤ اور دھمکی کو کسی خاطر میں نہ لایا جائے ،یہ ممکن نہیں کہ فیلڈ اسٹاف کو اپنے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کا علم ہی نہ ہو، انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹرز خود بھی سروے کریں اور غیرقانونی تعمیرات کی جانچ پڑتال کریں اس کے باوجود ناکامی کی صورت میں متعلقہ ڈائریکٹرز کی جانب سے سخت محکمہ جاتی ردعمل آنا ضروری ہے ، بصورت دیگر متعلقہ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو غیرقانونی تعمیرات میں ملوث سمجھا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی موثر تعمیل میں کوئی تردد قابل قبول نہ ہوگا۔ ادارے کے ویجیلنس سیکشن خلاف ضابطہ تعمیرات پر کڑی نظر رکھے اس ضمن میں ویجیلنس سیکشن کی سروے رپورٹس پر متعلقہ ڈسٹرکٹ سیکشن قانونی ایکشن لیں جبکہ تاخیر کی صورت میں جواب سے آگاہ کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے کہا کہ میں خود بھی اچانک انہدامی اور غیر قانونی تعمیرات کی جگہوں کا دورہ کروں گا، اور بے قاعدگی کی صورت میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی،متعلقہ افسر و اسٹاف کو ملوث سمجھا جائے گا اور انہیں سخت محکمہ جاتی تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا ہوگا،
اجلاس سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل نے کمپلینٹ سیل کے ڈیٹا کو مکمل کمپیوٹرائز کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے شکایات آپ پر اعتماد کا مظہر ہے اسے نقصان پہنچانا اپنے فرائض اور ادارے کے ساتھ ہر گز خیر خواہی نہیں ہے، غیرقانونی تعمیراتی یا بلڈرز و الاٹیز کے مابین معاملات سے متعلق شکایت کنندگان سے حسن سلوک سے پیش آئیں اور ازالے کے لئے فوری دفتری کارروائی شروع کی جائے اپنے ہر عمل سے ادارے کی ساکھ کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس بی سی اے کی دور جدید کے تقاضوں ہم آہنگ سنگل ونڈو فیسلٹی واقعی فخریہ کارنامہ ہے جلد سندھ کے دیگر ریجنز میں بھی یہ ماڈرن سہولت عوام کو فراہم کی جائے گی۔بعدازاں ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے سنگل ونڈو فیسلٹی کاؤنٹر ، کمپلینٹ سیل اور ریکارڈ سمیت دیگر سیکشنز کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لیا اس موقع پر وہاں موجود افسران و اسٹاف سے گفتگو میں انہوں نے شہریوں کی بہتر خدمت کو شعار بنانے اور ان سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تاکید و ترغیب دیتے ہوئے دفتری اوقات کار , صاف ستھرے ماحول اور ڈسپلن کا مکمل احترام کرنے پر زور دیا۔