نارتھ ناظم آباد کے علاقے لنڈی کوتل چورنگی کے قریب کھڑی کار کی عقبی سیٹ سے ایک نوجوان کی لاش ملی، مقتول کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق حیدری مارکیٹ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب کھڑی سوزوکی آلٹو کار نمبر BTN-706 میں ایک شخص کی لاش کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش کار سے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو کسی اور مقام پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر ایک گولی مار کر قتل کر کے کار کو لاش سمیت مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے، مقتول کی لاش کار کی عقبی سیٹ پر تھی اور اس کے شیشے بند تھے، لاش چند گھنٹے پرانی تھی کیونکہ جس وقت پولیس نے لاش کو دیکھا اس وقت اس کا جسم کافی اکڑا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی عمر تقریباً 30 برس کے قریب ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی، لاش کی موجودگی کی اطلاع علاقے کے چوکیدار نے دی تھی، پولیس شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
دوسری جانب، ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ مرسل صدیقی ولد یاسین صدیقی کے نام سے کر لی گئی ہے، مقتول کال سینٹر میں کام کرتا تھا، تاہم پولیس تاحال شناخت کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کر رہی ہے۔