آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا، آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں میں اسکاٹ بولینڈ، ایلیکس کیری، کیمرون گرین اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، نیتھن لائن اور مچل مارش کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلیں گی جب کہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا، اس سیریز کے لیے قومی ٹیم آسٹریلیا پہنچ چکی ہے جہاں کینبرا کے مانوکا اوول اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور ژالہ باری کی نذر ہوگیا۔
معلوم ہوا ہے کہ قوم ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل کینبرا میں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی، جس کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر سے ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔