کراچی؛ کچرا کنڈی سے آنسو گیس کے سیکڑوں شیل برآمد

  کراچیشہر قائد کے علاقے کیماڑی میں خالی پلاٹ پر قائم کچرا کنڈی میں نامعلوم شرپسند عناصر آنسو گیس کے سیکڑوں شیل پھینک کر فرار ہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے واقعے کی اطلاع رکن سندھ اسمبلی محمد آصف خان کو دی جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

محمد آصف خان کا کہنا تھا کہ کیماڑی میں کے پی ٹی پلاٹ پر قائم کچرا کنڈی سے سیکڑوں آنسو گیس شیل ملے ہیں، کچرا کنڈی میں آگ لگنے کی وجہ سے آنسو گیس کے شیل بھی جلے جس سے علاقہ مکینوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کچھ لوگ بے ہوش ہوگئے۔

انہوں نے ایس ایچ او جیکسن کو واقعے کی فی الفور انکوائری کرکے شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا کہا ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ جیکسن پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر کچرا کنڈی سے ملنے والے تمام شیل جیکسن تھانے منتقل کر دیے ہیں، واقعے میں کوئی بھی شخص بے ہوش نہیں ہوا اور جو شیل ملے ہیں اس طرح کے شیل پولیس کو نہیں دیے جاتے۔

ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ لگتا ہے کہ شیل کافی پرانے کچرا کنڈی کے پاس پڑے تھے، کسی نے کچرا کنڈی میں آگ لگائی ہے تو اس سے کچھ شیل جل گئے، ملنے والے شیل کی تعداد 40 سے زائد ہے، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!