پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیرنگرانی پہلا گوجرانوالہ جمخانہ آل پاکستان بیڈمنٹن رینکنگ ٹورنامنٹ اختتام پذیرہوگیا، سنگلز مقابلوں میں واپڈا کے مقیط اور خواتین سنگلز مقابلوں میں پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق نے پہلی پوزیشن حاصل کی، مینز ڈبلز مقابلوں میں پاکستان آرمی کے راجہ ذوالفقرنین حیدر اور یاسر علی جبکہ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں پلوشہ بشیر اور غزالہ صدیق نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیموں اور 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیاجن میں تمام صوبوں،اسلام آباد،آزادجموں وکشمیر اور مختلف محکموں جن میں پاکستان آرمی،پولیس،واپڈا،ایس این جی پی ایل،ایچ ای سی،ریلوے،پی ایم اے ڈی کی ٹیمیں شامل ہیں۔
اختتامی تقریب گوجرانوالہ جمخانہ میں منعقد ہوئی،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نویدحیدرشیرازی نے فاتح اور رنراپ ٹیموں اور کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔
مردوں کے سنگل مقابلوں میں واپڈا کے مقیط فاتح جبکہ واپڈا کے ہی حافظ عرفان سعید رنراپ رہے ،خواتین کے سنگل مقابلوں کی فاتح پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق نے واپڈا کی غزالہ صدیق کو شکست دی،مردوں کے ڈبل کے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے راجہ ذوالقرنین حیدر اور یاسر علی نے واپڈا کی رنراپ ٹیم اویس زاہد اور محمد علی لاروش کو شکست دی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل جمخانہ انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے واجد علی چوہدری، عہدیداران اور سپانسرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔
کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کوکھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے ان کی ہر سطح پر رہنمائی اورحوصلہ افزائی ضروری ہے ، بیڈمنٹن رینکنگ چیمپئن شپ میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی شرکت ایک خوش آئند امر ہے ایسے مقابلوں کا انعقاد معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا