تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی:- ( ) واٹر کارپوریشن نے یکم مارچ کو ممکنہ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر افسران کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے چیف انجینئر سیوریج سمیت تمام افسران کو الرٹ رہنے کے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام جیٹینگ، سکشن، راڈنگ، سیور کلینگ مشینوں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت تمام مشینری ہمہ وقت تیار رکھی جائے اور تمام سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز اپنے اضلاع اور تمام ایگزیکٹو انجینئرز اپنے ماتحت عملے کے ہمراہ اپنی اپنی ڈویژنوں میں موجود رہیں، انکا کہنا تھا بارش سے قبل شہر بھر کی تمام اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا ممکنہ بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کی جائے اور تمام مشینری ہمہ وقت تیار رکھی جائے جبکہ فراہمی و نکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں جنریٹرز کی مدد سے رواں رکھا جائے، انکا کہنا تھا کہ شہر کا سیوریج سسٹم بارشوں کے پانی کے اخراج کے لیے نہیں بنایا گیا مگر بدقسمتی سے سڑکوں کا ٹھوس فضلہ، ملبہ اور کچرا بارشوں کے دوران برساتی پانی کے ساتھ بہہ کر واٹر کارپوریشن کی سیوریج لائنوں میں جا گرتا ہے جس کی وجہ سے سیوریج لائنیں بلاک ہو جاتی ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن نے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مین سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں پر مین ہولز کو ڈھانپنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں جبکہ ممکنہ بارشوں سے قبل تمام ٹاؤنز میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام جاری ہے، انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کو سیوریج کی پائپ لائنوں میں نکالنے کے لیے مین ہول کے ڈھکن نہ کھولیں کیونکہ اس سے سیوریج کا بہاؤ رک جائے گا جس سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔