غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹے میں 700 سے زیادہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں دوسری بار جبالیا پناہ گزین کیمپ پر بم برسائے، خان یونس، رفح اور جبالیا میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی۔
جبالیا کیمپ کا ایک رہائشی بلاک مکمل تباہ ہوگیا، کئی زخمی ملبے میں دب گئے، امدادی کارکنوں کی رسائی مشکل ہوگئی۔
خان یونس میں بھی اسرائیلی فضائیہ نے رہائشی کمپلیکس تباہ کردیا، متعدد فلسطینیوں کی شہادت کا خدشہ ہے، ترک صحافی اپنا آشیانہ برباد ہوتے دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔
سات اکتوبر سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی، 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔
حماس نے غزہ میں اسرائیلی بم باری رکنے تک اسرائیل سے قیدیوں کا تبادلہ روکنے کا اعلان کر دیا۔
برطانیہ نے یرغمالیوں کی تلاش کے لیے طیاروں سے غزہ کی جاسوسی کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے خلاف حماس کی مزاحمت جاری ہے۔ مزید دو اسرائیلی فوجی مارے گئے، زمینی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 66 ہوگئی۔
حزب اللّٰہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں اسرائیلی ٹینک پر میزائل حملہ کیا جس میں 8 اسرائیلی فوجیوں، 3 اسرائیلی آبادکاروں سمیت 11 زخمی ہوگئے۔
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں جلد دوبارہ جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔