تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
عوامی مینڈیٹ کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے، ریٹرننگ افسران کو الیکشن لاء کا علم نہیں تھاجس کی وجہ سے کوتاہیاں ہوئیں، الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرنا ہمارا کام تھا، سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد
لاہور: سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کل کرے گا، عوامی مینڈیٹ کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام سڑکیں بنانا تھا وہ ہم نے بنا دیں، ہم وہی بات کریں گے جو الیکشن کمیشن آف پاکستان کہے گا۔
الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن کردیا ہے اب جو شکایات ہیں وہ الیکشن ٹریبونل دیکھے گا، ریٹرننگ افسران کو الیکشن لاء سے متعلق علم نہیں تھاجس کی وجہ سے کوتاہیاں ہوئیں، الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرنا ہمارا کام تھا، انتخابات الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کل کرے گا، امید ہے فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا، میری رائے عوامی مینڈیٹ سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہیئے، فارم 45 بہت اہم دستاویز ہے اسی سے رزلٹ بنتا ہے۔
گزشتہ روز بھی سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کرے گا،الیکشن کمیشن نے 34 مخصوص نشستیں فی الحال التواء میں رکھی ہوئی ہیں، اس کا مطلب الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کو سیٹیں دینے پر غور وخوض کررہا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ہفتہ کو کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی شائستہ خان اور جمیعت علما اسلام پاکستان کی شاہدہ بیگم کامیاب قرار پائیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن ) کو بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی تین تین جمعیت علما ء اسلام (ف)کو دو، بی اے پی، نیشنل پارٹی اور اے این پی کو خواتین کی ایک، ایک مخصوص نشست ملی گئی جبکہ پی ایم ایل (ن) ،پی پی پی اور جے یو آئی ف نے اقلیتوں کیلئے مخصوص کی گئی ایک ایک نشست حاصل کرلی ہے۔