نامزد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت منظور

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

پشاور ہائیکورٹ نے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ضمانت راہداری ضمانت منظور کرلی۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں علی امین عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت علی امین گنڈا پور کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد میں درخواست گزار کے خلاف اور بھی ایف آئی آر درج ہیں اس پر چیف جسٹس ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ یہ تو کافی پرانی ایف آئی آر ہے۔

علی امین کے وکیل نے کہا کہ ہمیں اس کا پتا نہیں تھا کہ یہ ایف آئی آر بھی درج ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا دیگر ایف آئی آرز میں بھی ضمانت پر ہیں؟ اس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی 26 مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت منظور کرلی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!