کراچی: این سی سی آئی اے کی متعدد کارروائیاں، آن لائن جوئے کے نیٹ ورک سمیت مختلف جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہر میں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے ذریعے 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔ اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی میں 5 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔

حکام نے ڈارک ویب کے ذریعے عالمی انٹیلی جنس اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے والے نوجوان کو بھی گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ ڈبہ اسکیم کے لیے ڈائلر سافٹ ویئر فراہم کرنے والا ملزم پکڑا گیا۔

کارروائیوں کے دوران جامعات میں منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان گرفتار ہوئے۔ آن لائن جنسی استحصال کے ممکنہ خطرے سے دو بچیوں اور ایک بچے کو بھی محفوظ تحویل میں لیا گیا۔

آن لائن جوئے کے نیٹ ورک میں 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز

شہزاد اکبر کے مطابق این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف تین ماہ تک تحقیقات کیں۔ اس دوران ایکس 777، میل بیٹ اور ون ایکس بیٹ سمیت متعدد ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی لین دین کا انکشاف ہوا۔

تحقیقات میں آن لائن جوئے سے منسلک 38 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ 38 کمپنیوں کے کردار کی بھی چھان بین جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر جوئے کی طرف راغب کرتی ہیں۔ بعد ازاں صارفین کی رقوم مسلسل اسی کاروبار میں گردش کرتی رہتی ہیں۔

صارفین جاز کیش اور ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقل کرتے ہیں۔ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد دوبارہ بیٹنگ ایپس میں لگایا جاتا ہے۔

ایک ہزار ارب روپے تک مالی سرگرمیوں کا خدشہ

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی ہوئی تھی۔

تاہم این سی سی آئی اے کی تحقیقات میں مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ حکام کو خدشہ ہے کہ نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک ہوسکتی ہیں۔

کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اور اثاثے منجمد کیے گئے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔ نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں۔

مختلف کاروباروں کی آڑ میں بینک اکاؤنٹس استعمال

شہزاد اکبر نے بتایا کہ جوئے کی رقم منتقل کرنے کے لیے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے نام پر اکاؤنٹس کھولے جاتے تھے۔

ڈیری، ویب ڈیزائننگ اور دیگر کاروباروں کی آڑ میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے۔

ان کے مطابق ایک شخص کے نام پر کھولے گئے تین بینک اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے۔

فیصل بینک، یو بی ایل اور حبیب میٹرو کے اکاؤنٹس بھی مبینہ طور پر جوئے کی رقم منتقل کرنے کے لیے استعمال ہوئے۔

حکام نے مبینہ سہولت کاری کرنے والے بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔ اکاؤنٹس کھولنے میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی اور گرفتاریوں کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

شہزاد اکبر کے مطابق کارروائی میں نیٹ ورک کے اصل بینیفیشری مالکان کو نشانہ بنایا گیا۔ تحقیقات کا دائرہ کراچی سے دیگر شہروں اور بین الاقوامی روابط تک بڑھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ ایپس تیار کرنے والی متعدد کمپنیاں چینی ہیں۔ نیٹ ورک کے مالی معاملات کی مزید چھان بین جاری ہے۔

ڈارک ویب پر خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے والا نوجوان گرفتار

این سی سی آئی اے نے ایک اور کارروائی میں ڈارک ویب کے ذریعے عالمی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے والے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

شہزاد اکبر کے مطابق بین الاقوامی ایجنسی کی اطلاع پر ملزم کو منظور کالونی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ متعلقہ ایجنسی 2023 سے اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔

حکام کے مطابق ملزم مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اصل شناخت، کوڈ نام اور خفیہ معلومات ڈارک ویب پر فروخت کرتا تھا۔

ملزم ٹیلی گرام پر ’’گوتھم‘‘ کے نام سے اکاؤنٹ چلا رہا تھا۔ وہ ڈارک ویب سے حاصل کردہ ڈیٹا مختلف ذرائع کو فروخت کرتا تھا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم فوڈ ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا۔ اس کی شناخت آئی پی ایڈریسز کی مدد سے کی گئی۔

ملزم کے جسم پر موجود مختلف ٹیٹوز اور سائبر جرائم سے متعلق دیگر تفصیلات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ حکام کے مطابق بین الاقوامی ایجنسی تین سال سے اس کی گرفتاری کی کوشش کررہی تھی۔

ڈبہ اسکیم کے لیے ڈائلر سافٹ ویئر فراہم کرنے والا گرفتار

این سی سی آئی اے نے ڈبہ اسکیم چلانے والے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے فراہم کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔

شہزاد اکبر کے مطابق گرفتار ملزم دانیال ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرنے اور خریدنے کے علاوہ مختلف کال سینٹرز کو بھی فراہم کرتا تھا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

جامعات میں منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان گرفتار

این سی سی آئی اے نے کراچی کی مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف بھی کارروائی کی۔

شہزاد اکبر کے مطابق اس کارروائی میں حسام الدین اور مرکزی سپلائر سید افتخار کو گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان انڈس یونیورسٹی، جامعہ کراچی اور اردو سائنس کالج سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرتے تھے۔

حکام نے بتایا کہ منشیات کی فروخت کے لیے واٹس ایپ چینل بنایا گیا تھا۔ اس کے ذریعے طلبہ سے آرڈر وصول کیے جاتے اور انہیں مختلف اقسام کی منشیات فراہم کی جاتی تھیں۔

منشیات کی اقسام کے لیے خفیہ ناموں پر مشتمل مینیو بھی تیار کیا گیا تھا۔ ایک سپلائر فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا روپ دھار کر جامعات میں داخل ہوتا تھا۔

وہ کھانے کے ڈبوں میں ایلومینیم فوائل کے اندر منشیات چھپا کر طلبہ تک پہنچاتا تھا۔

شہزاد اکبر کے مطابق ڈی ایچ اے کی پوش رہائشی آبادیوں میں بھی منشیات کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے۔ بعض سپلائرز کے ایران سے روابط کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

بیبرگ، زبیر اور ایان نامی مبینہ منشیات سپلائرز کے حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ گرفتار ملزمان کے نیٹ ورک کے ذریعے کینابس، ویڈ اور دیگر منشیات فراہم کی جاتی تھیں۔

آن لائن جنسی استحصال کے خطرے سے تین بچے محفوظ

این سی سی آئی اے نے ایک اور کارروائی میں آن لائن جنسی استحصال کے ممکنہ خطرے سے دو کم عمر بچیوں اور ایک لڑکے کو محفوظ تحویل میں لے لیا۔

شہزاد اکبر کے مطابق دونوں بچیوں کی عمریں 13، 13 سال جبکہ لڑکے کی عمر 15 سال ہے۔ تینوں بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق کم عمر لڑکا اسنیپ چیٹ پر مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے اپنے خیالات اور جنسی خواہشات کا اظہار کرتا تھا۔ اس سے رابطے میں موجود افراد کم عمر بچیوں کی ویڈیوز طلب کررہے تھے۔

حکام نے بتایا کہ بچیوں کے آن لائن استحصال کا خدشہ سامنے آنے پر فوری طور پر والدین کو آگاہ کیا گیا۔ این سی سی آئی اے نے شواہد بھی والدین کے سامنے رکھے۔

تینوں بچوں کو محفوظ تحویل میں پہنچانے کے بعد ممکنہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!