آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے لیے منعقدہ اسپیشلائزڈ ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کی۔
ٹریننگ برانچ کے زیر اہتمام ورکشاپ کے شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو، پرنسپل شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ورکشاپ کے مقاصد اور تربیتی مراحل
ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اسپیشلائزڈ ٹریننگ ورکشاپ کی منظوری 2025 کے پالیسی سال میں دی گئی تھی۔ اب تک 14 بیچز تربیت مکمل کرچکے ہیں۔
ان کے مطابق صوبے بھر سے آنے والے افسران کی مشکلات کے پیش نظر کورس کا دورانیہ پانچ روز مقرر کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریننگ نے بتایا کہ ورکشاپ کے امتحانات ڈیجیٹل طریقے سے لیے جارہے ہیں۔ صوبے بھر میں 200 افسران کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ محکمہ یہ ہدف حاصل کرچکا ہے۔
جدید پولیسنگ کے لیے پیشہ ورانہ تربیت اہم ہے، آئی جی سندھ
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت انتہائی اہم ہے۔ اس سے پولیس افسران کی صلاحیتوں اور عملی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربیت سے عوام کو مؤثر خدمات فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کے مطابق پولیس افسران کی استعدادِ کار اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ محکمہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔ اس سے عوامی خدمت کا معیار مزید بلند کیا جاسکتا ہے۔