ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام انٹر اسکول ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن ٹورنامنٹس اختتام پذیر ہوگئے۔ مقابلے سندھ اسپورٹس کلب، ناظم آباد میں منعقد ہوئے۔
چیئرمین بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے مقابلوں کی سرپرستی کی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سینٹرل سید نواز علی شاہ جیلانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی اے عبدالواجد خان نے شرکت کی۔
کھیل طلبہ میں خود اعتمادی بڑھاتے ہیں، مشرف علی راجپوت
چیئرمین بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے کہا کہ کھیل بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ ان سے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ کھیل بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی بہتر بناتے ہیں۔
انہوں نے مقابلوں میں حصہ لینے والے اسکولوں، کھلاڑیوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید نے کہا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط اور خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ یہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید نواز علی شاہ جیلانی نے کھیلوں کو ذہنی نشوونما کے لیے مفید قرار دیا۔ ان کے مطابق کھیلوں کے مثبت اثرات تعلیمی کارکردگی پر بھی پڑتے ہیں۔ انہوں نے اسکولوں میں ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی اے عبدالواجد خان نے کہا کہ کھیل بچوں میں فیصلہ سازی اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو مبارک باد بھی دی۔
بوائز بیڈمنٹن کا ٹائٹل ہیپی پیلس گرامر اسکول کے نام
انٹر اسکول بوائز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہیپی پیلس گرامر اسکول ڈی ون نے بحریہ اسکول اینڈ کالج ای اے بی ٹو، مجید کیمپس کو شکست دی۔ اس طرح ہیپی پیلس گرامر اسکول نے ٹائٹل جیت لیا، جبکہ بحریہ اسکول رنر اپ رہا۔
اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں ہیپی پیلس گرامر اسکول ڈی ون اور بحریہ کالج اینڈ اسکول ای اے بی ون، مجید کیمپس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ہیپی پیلس اسکول ایف بی ایریا اور بحریہ اسکول اینڈ کالج ای اے بی ٹو، مجید کیمپس مدمقابل تھے۔
بوائز ٹیبل ٹینس میں فاطمیہ اسکول کامیاب
انٹر اسکول بوائز ٹیبل ٹینس کا فائنل فاطمیہ بوائز اسکول اور بحریہ کالج اینڈ اسکول ای اے بی ون، مجید کیمپس کے درمیان کھیلا گیا۔ فاطمیہ بوائز اسکول نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
گرلز بیڈمنٹن کا ٹائٹل قائداعظم رینجرز اسکول نے جیت لیا
انٹر اسکول گرلز بیڈمنٹن کے فائنل میں قائداعظم رینجرز اسکول اور بحریہ اسکول ای اے بی ٹو، مجید کیمپس پہنچے۔ فیصلہ کن مقابلے میں قائداعظم رینجرز اسکول نے کامیابی حاصل کی، جبکہ بحریہ اسکول رنر اپ رہا۔
پہلے سیمی فائنل میں بحریہ اسکول ای اے بی ٹو، مجید کیمپس کا مقابلہ سینٹ جوزف کانونٹ اسکول سے ہوا۔ دوسرے سیمی فائنل میں قائداعظم رینجرز اسکول اور سی اے اے ماڈل اسکول ٹو آمنے سامنے آئے۔
گرلز ٹیبل ٹینس میں فاطمیہ گرلز اسکول کی فتح
انٹر اسکول گرلز ٹیبل ٹینس کے فائنل میں فاطمیہ گرلز اسکول نمائش نے ہیپی پیلس گرامر اسکول ایف بی ایریا کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ ہیپی پیلس گرامر اسکول نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے میٹرک بورڈ انتظامیہ اور ریسرچ اسپورٹس سیکشن کے افسران و عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اسپورٹس کمیٹی کے ارکان وسیم ماجد، مسز راحیلہ مسرور اور سید نوید کی خدمات کی بھی تعریف کی۔